عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے٬ زردار ی

کشمیر تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے٬کشمیر یو ں کے حق کو طاقت کے زور پر سلب نہیں کیا جاسکتا٬ بیان

منگل 11 اکتوبر 2016 13:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا سلسلہ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ ’کشمیر تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور عالمی برادری نے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا اور اس حق کو طاقت کے زور پر سلب نہیں کیا جاسکتا‘۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ برہان وانی کی 8 جولائی کو ہونے والی ہلاکت کے بعد سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک جیل میں ہیں اور ان کی صحت انتہائی خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کو تشویشناک قرار دیا ہے اور حکام پر زور دیا ہے کہ انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا جائے لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر میں طاقت کے زور پر تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھی غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے آئے اور جموں و کشمیر کے لوگوں پر ہونے والے مظالم کو روکے‘۔

متعلقہ عنوان :