یوم عاشور کے موقع پرشہر فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں٬راجہ اشفاق سرور

منگل 11 اکتوبر 2016 12:14

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے موقع پرشہر میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے اور عزاداروں کو مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کی روٹس پر ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں٬ بھارت کے ساتھ کشیدگی اور موجودہ حالات کے پیش نظر محرم الحرام کے مہینے اور یوم عاشورہ کے دوران امن وامان کا قیام ایک بڑا چیلنج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مذموم کاروائیاں کر سکتی ہیں ایسے عناصر کے عزائم کوآپس میں باہمی اتحاد و یگانگت ٬ اخوت و بھائی چارے اور بے مثال ہم آہنگی کے ذریعے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ڈی سی او آفس راولپنڈی میں یوم عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے امور نوجواناں پنجاب چوہدری سرفراز افضل اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ٬ عمر فاروق٬ ملک افتخار احمد٬رہنما مسلم لیگ (ن) سردار نسیم ٬ڈاکٹر جمال ناصر٬ ڈی سی او طلعت محمود گوندل٬ سی پی اور اسرار احمد عباسی٬جید علمائے کرام کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔راجہ اشفاق سرورنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اور یوم عاشورہ پر امن و امان , مذہبی رواداری اور ملی یکجہتی قائم رکھنے کے لیئے تمام علمائے کرام متحد اور پرعزم ہیں اور انتظامیہ و پولیس اور سیکیورٹی اداروںکی طرف سے بھی امن و امان کو قائم رکھنے کے لیئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

انہو ںنے کہا کہ ضلعی اور سب ڈویژن کی سطح پر تمام متعلقہ ادارے فوکس رہ کر اپنے علاقوں میں عزاداری جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کے لیئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائیںتاکہ کوئی بھی شر پسند عناصریوم عاشورہ کے موقع پر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیئے باہمی رابطوں کومزید موثر بنایا جائے اور مقامی انتظامیہ سے مربوط روابط کے ذریعے شرپسند عناصر اور مشکوک افرادپر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ڈی سی او طلعت محمود گوندل اور سی پی او اسرار احمد عباسی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوم عاشور ہ موقع پر راولپنڈی میں تمام جلوسوں اور مجالس کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیںاور یوم عاشورہ کے جلوس اور مجالس میں بغیر چیکنگ کوئی شخص داخل نہیں ہو گا ۔ انہو ںنے کہا کہ جلوسوں کے مقررہ روٹس کی پابندی یقینی بنائی جائے گی ۔انہو ںنے اس سلسلے میں علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور یوم عاشورہ کے موقعہ پر امن و امان کے قیام اور عوام کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :