موجودہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور بحالی کیلئے نمایاں کوششیں کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج آ رہے ہیں٬ اے سی ڈی ویژن 2030ء کی مکمل حمایت کرتے ہیں٬وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا دوسری ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب

منگل 11 اکتوبر 2016 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور بحالی کیلئے نمایاں کوششیں کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج آ رہے ہیں٬ اے سی ڈی ویژن 2030ء کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پاکستان علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات بنکاک میں جاری دوسری ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ (اے سی ڈی) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سرتاج عزیز اے سی ڈی سمٹ میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اے سی ڈی 34 ایشیائی ممالک کا فورم ہے جس کا مقصد ایشیائی ممالک کے درمیان علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اے سی ڈی کا قیام 2002ء میں عمل میں آیا٬ اس کی پہلی سمٹ 2012ء میں کویت میں ہوئی٬ پاکستان اے سی ڈی کا بانی رکن ہے۔

(جاری ہے)

اے سی ڈی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے حکومت کی قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور بحالی کیلئے کوششوں کو نمایاں کیا اور کہا کہ اس کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اے سی ڈی ویژن 2030ء کی مکمل حمایت کرتا ہے اور علاقائی تعاون کے 6 ستونوں میں خوراک٬ توانائی٬ پانی کا تحفظ٬ کنیکٹیوٹی٬ سائنس ٹیکنالوجی و ایجادات٬ تعلیم٬ سیاحت٬ ثقافت اور پائیدار ترقی کیلئے متبادل طریقے شامل ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اے سی ڈی کے ترجیحی شعبوں میں تعاون کیلئے دیگر رکن ممالک کے ساتھ ملکر اہم کردار ادا کرے گا جس میں ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بھی شامل ہے۔ مشیر خارجہ نے علاقائی روابط کو بڑھانے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے اختتام پر بنکاک ڈکلیریشن٬ ویژن فار ایشین کوآپریشن 2030ء اور پارٹنرشپ کے فروغ کیلئے اے سی ڈی کے بیان کو کانفرنس کی دستاویز کے طور پر اختیار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :