بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیرمیں عوام پر مظالم روکنے کیلئے فیصلہ کن انداز میں اقدامات کرے ٬ ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے اور کشمیر ی ظلم تلے دب کر رہ جائیں ٬کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادی مانگ رہے ہیں٬ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے٬ عالمی برادری نے کشمیر کے عوام سے ان کی قسمت کے فیصلے کا حق دینے کاوعدہ کیا تھا ٬ یہ حق کسی بھی ظلم سے ان سے چھینا نہیں جا سکتا

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زردار ی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بیان

پیر 10 اکتوبر 2016 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اورسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں عوام پر کئے جانے والے ظلم کو روکنے کے لئے فیصلہ کن انداز میں اقدامات کریں ٬ ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے اور کشمیر کے عوام ظلم تلے دب کر رہ جائیں۔

کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادی مانگ رہے ہیں٬ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اور بین الاقوامی برادری نے کشمیر کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ان کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا اور یہ حق کسی بھی ظلم سے ان سے چھینا نہیں جا سکتا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں سیاسی اسیروں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈر یاسین ملک قید تنہائی میں برہان وانی کی شہادت 9جولائی 2016ء سے ہیں اور ان کی صحت مسلسل گرتی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ان کی صحت کو خطرات لاحق ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ظلم و زیادتی روکنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا٬ خطے میں امن نہیں ہوسکتا اور ان قراردادوں میں یہ کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادی کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :