گیس کی قیمتوں میں چھتیس فیصد اضافہ ظلم ہے ٬ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے٬ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے عوام کو حقیقی ریلیف مہیا کرے ٬گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کابیان

پیر 10 اکتوبر 2016 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں چھتیس فیصد اضافہ ظلم ہے اور ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے٬ ایک طرف حکومت دعوے کرتی ہے کہ ہمارے مالیاتی ریزروز ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں اور دوسری طرف حکومت ملک کے غریب عوام سے جینے کا حق اور دو وقت کا نوالا بھی چھین رہی ہے٬ پیپلز پارٹی گیس کی قیمتوں میں اس ظالمانہ اضافہ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی٬ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے عوام کو حقیقی ریلیف مہیا کرے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔

پیرکو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپئے نکال رہی ہے اور اب رہی سہی کسر موسم سرما کی آمد پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پوری کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہم عوام پر یہ دوہرا ظلم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زبانی دعووں میں تو عوام کو بجلی٬ صحت ٬ تعلیم اور زرعی خوشحالی دے چکی ھے مگر عملا عوام اس دور حکومت میں ہر شعبہ زندگی میں محرومی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جس رفتار سے قرضوں کا بوجھ لادا جا رہاہے اس کا انجام بخیر نظر نہیں اتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے عوام کو حقیقی ریلیف مہیا کرے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔