عاشورہ محرم میں فول پروف سیکورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ

پیر 10 اکتوبر 2016 21:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ٬ انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اے ڈی خواجہ اورایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سے عاشورہ محرم میں فول پروف سیکیورٹی کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عاشورہ محرم میں فول پروف سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اس ضمن میں اہم شاہراہوں ٬ مجالس کی محافل اور جلوسوں کے اطراف خفیہ نگہبان کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ٬ سیکورٹی اداروں کے متحرک و فعال کردار سے عاشورہ محرم میں امن و امان کا قیام ممکن ہے ۔ گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ علماء کرام کے تعاون سے صوبہ بھر میں وضح کردہ موثر اور مر بوط سیکورٹی پلان پر عملدرآمد اور تمام سیکورٹی اداروں باالخصوص انٹیلی جنس اداروںکے درمیان ہم آہنگی اور باہمی ربط کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جاسکے ۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ عاشورہ محرم کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور خفیہ نگہبان کیمروں سے مجالس ٬ جلوسوں اور اطراف کے علاقوں کی خفیہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :