تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔نصراللہ رانا

پیر 10 اکتوبر 2016 21:10

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء)قومی سینئر ہاکی ٹیم کے فزیکل ٹرینرنصراللہ رانا نے کہاہے کہ بد قسمتی سے پاکستانی کھلاڑی فٹنس کلچر نہ ہونے کے باعث خود کو فٹ رکھنے میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے تاہم تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار 80 فیصد تک لے آئے ہیں جسے کراچی میںلگائے جانے والے کیمپ کے آخری مرحلے میں مزید بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینئر ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا اور آخری مرحلہ کراچی میں ہو گاجس کے بعد ٹیم ملائیشیاء روانہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کیمپ اور ٹور نامنٹ کھیلنے کے بعد گھروں میں جاکر سست پڑ جاتے ہیں اورخود کو فٹ رکھنے کی کوشش نہیں کرتے ٬جس بناء پر دوران کیمپ ٹرینر اور کھلاڑیوں کو زیادہ کام کر نا پڑتاہے حالانکہ ہم انہیں خوراک ٬آرام ٬اور فٹ رکھنے کیلئے شیڈول بنا کر بھی د یتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کیمپ کے آغاز میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول پچاس فیصد تھا جو اب 80فیصدہوچکا ہے قومی ٹیم مسلسل تیسرا میچ کھیل رہی ہے لیکن اسکے باوجود کھلاڑیوں میں پہلے کی طر ح تھکاوٹ کے آثار نہیں ہیں ۔