ثروت اعجاز قادری کی توہین عدالت کی درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب31اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ طلب

پیر 10 اکتوبر 2016 20:21

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی توہین عدالت کی درخواست میں ہوم سیکرٹری پنجاب کو 31 اکتوبر کو طلب کر لیا٬ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے ثروت اعجاز قادری کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی٬ درخواست گزار کی طرف سے عثمان نسیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے رواں سال فروری میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کی جس کیلئے امن و امان کی خراب صورتحال پیدا ہونے کا جواز بنایا گیا٬ اس پابندی کیخلاف سیکرٹری محکمہ داخلہ کو عرضداشت دائر کی گئی جس پر لاہور ہائیکورٹ نے جون میں ایک ہفتے کے اندر اندر فیصلے کا حکم دیا٬ عثمان نسیم نے مزید موقف اختیار کیا کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود سیکرٹری داخلہ نے عرضداشت پر فیصلہ نہیں کیا لہذا سیکرٹری داخلہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے٬ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو 31 اکتوبر کو جواب سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔