نیدر لینڈز کی ملکہ میکسیما کی گورنر اسٹیٹ بینک کو بہترین مرکزی بینک گورنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

پیر 10 اکتوبر 2016 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) نیدر لینڈز کی ملکہ میکسیما نے ہفتہ 8 اکتوبر کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک ملاقات کے دوران یورو منی کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کو بہترین مرکزی بینک گورنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملکہ میکسیما مالی شمولیت برائے ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی (یو این ایس جی ایس ای) بھی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے ملکہ میکسیما کو پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری کے بارے میںآگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل اور اس دوران معاشی استحکام اور نمو برقرار رکھنے کے لئے کی جانے والی متعدد اہم اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی میں طے کردہ اہداف پر تسلسل کے ساتھ کامیابی حاصل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ جون 2016ء تک ملک میں ڈیڑھ کروڑ ڈجیٹل اکائونٹس کھولے جاچکے ہیں٬ اس ضمن میں ایک برس میں 34 فیصد نمو ہوئی۔ اس کے ساتھ بینکوں نے مختصر مدت میں کم خطرے کے حامل صارفین کے لئے دس لاکھ سے زائد آسان اکائونٹس کھولنے کا سنگ میل عبور کیا۔ مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی پر عملدرآمد کرنے کے لئے نجی شعبے کی سربراہی کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کو فعال کردیا گیا ہے تاکہ وہ مالی نظام کے استعمال اور رسائی میں اضافہ کرنے کے لئے مختلف امور سے متعلق عملی منصوبوں کو ٹھوس شکل دے سکیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے ملکہ کو حالیہ قانونی اصلاحات بشمول محفوظ لین دین کے قانون کے نفاذ پر بھی بریفنگ دی٬ جس سے پاکستان میں منقولہ اثاثوں کے برقی اندراج کی راہ ہموار ہوگی۔ مزید برآں٬ پارلیمنٹ کی جانب سے کریڈٹ بیور و ایکٹ منظور اور ضبطی (foreclosure)کے قوانین کو بھی مضبوط کیا گیا ہے٬ ان اقدامات سے ترجیحی شعبوں کے لئے قرضوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر ملکہ میکسیما نے پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کم آمدنی والے افراد کو مالی رسائی میں اضافے کے لیے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد کی پیشکش کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان میں مالی شمولیت کے فروغ کے لئے ذاتی دلچسپی ظاہر کرنے پر نیدر لینڈز کی ملکہ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں اسٹیٹ بینک کے مشیر اعلیٰ برائے معاشی امور ڈاکٹر سعید احمد اور یو این ایس جی اے کے ڈائریکٹر ایرک ڈفلوس نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :