سرکاری ملازمین عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں٬مسا ئل کو حل کرنے میں غیر ضروری تاخیراورکوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی٬ڈپٹی کمشنر ژوب

پیر 10 اکتوبر 2016 20:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء)سرکاری ملازمین عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں‘مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا‘مسا ئل کو حل کرنے میں غیر ضروری تاخیراورکوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں سرکاری خزانہ میں جمع جبکہ 481 ملازمین کی تنخواہیں روک لی گئی ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ژوب محمد عظیم کاکڑ نے سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی سے غیر حاضری کی بڑھتی شرح پرقابو پانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میںتفصیلات بتاتے ہوئے کی۔

انہوں نے بتا یا کہ گزشتہ ماہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ تعلیم ژوب کے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف قانونی کاروائی کے نتیجے میں ما ہا نہ تنخواہوں کی مد میں 15 لاکھ روپے سے زائد جبکہ محکمہ صحت ژوب کے غیر حاضر ڈاکٹرزو پیرا میڈیکل سٹاف کی تنخواہوں کی9 لاکھ48 ہزار کے قریب رقم حکومتی خزانہ میں جمع کرائی۔

(جاری ہے)

اسی طرح محکمہ بی اینڈ آر کے مختلف گریڈ کی481 اہلکاروں کی تنخواہیںان کی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنانے تک روک دی گئی ہیںانہوں نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو بر وقت حل کرنے اور علاقے کی پائیدار ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے انجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ بی اینڈ آر کے ملازمین کے لئے ضلع ژوب میں14 اکتوبر2016ء کو کانفرنس منعقد کی جائے گی۔