پیپلزپارٹی کے سنیٹرزکا اوگرا کی جانب سے گیس صارفین پر گیس بم گرانے پر شدید احتجاج

وفاقی حکومت اپنی شاہ خرچیوں ٬پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے وصول کیلئے غریب عوام پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے باز رہے٬پیپلزپارٹی

پیر 10 اکتوبر 2016 19:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ٬ سینیٹر انجینئر گیان چند اور سینیٹر عاجز دھامرانے اوگرا کی جانب سے گیس صارفین پر گیس بم گرانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اپنی شاہ خرچیوں٬ آئی ایم ایف سے لئے جانے والے 80ارب ڈالر کے قرضوں اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے وصول کیلئے غریب عوام پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے باز رہے۔

انہوں نے مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام پر 341 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے جس میں سے صرف 9ارب روپے منتخب عوامی نمائندوں کی اسکیموں کیلئے عوام سے وصول کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چاروں جانب سے خطرات میں گھرا ہوا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے اندر عوام کو متحد رکھا جائے اور ایسے جنونی اور فرعونی اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے گیس کے نرخ میں یہ ظالمانہ اور فرعونی اضافہ واپس نہ لیا تو پھر ملک کی کوئی بھی سیاسی جماعت عوام کو قابو میں رکھنے اور انہیں اشتعال میں آنے سے نہیں روک سکتی لہذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور گیس کے نرخ میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لے۔