Live Updates

تحریک انصاف نے گیس کے نرخوں میں 36 فیصد اضافے کو مستردکردیا

وفاقی حکومت ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لے ٬سستے داموں گیس کی فراہمی یقینی بنائے ‘اسد عمر

پیر 10 اکتوبر 2016 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف نے گیس کے نرخوں میں 36 فیصد اضافے کو مستردکرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لینے اور سستے داموں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا ۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہاکہ پاکستانی معیشت ملکی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے ۔

ملکی معیشت کو تاریخ کی کم ترین سرمایہ کاری ٬بلند ترین شرح بیروزگاری ٬قرضوں کے حجم میں ریکارڈ اضافے اور برآمدات میں بدترین گراوٹ کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ ایک برس کے دوران عالمی سطح پر گیس کی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے کمی آئی یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر صنعتوں کا جنازہ نکالنے پر بضد ہے۔اسد عمر نے کہاکہ وزیر اعظم کے دور حکومت کے پہلے تین برس کے دوران برآمدات میں ریکارڈ 20 فیصد کمی آئی ۔

(جاری ہے)

ٹیکسٹائل کا شعبہ خاص طور پر حکومتی ظلم, بدانتظامی اور نااہلی کا بدترین شکار ہوا۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے بجلی٬گیس اور صنعتی ان پٹس جیسے بنیادی اجزا کو عوام اور کاروباری طبقے سے پیسہ ہتھیانے کا وسیلہ بنا رکھا ہے اورکاروباری لاگت میں غیر معمولی اضافہ کے بوجھ سے ملکی معیشت کی عمارت شکست و ریخت سے دوچار ہے۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت گیس کی قیمت بڑھانے سے باز رہے اور اس حوالے سے اپنا فیصلہ فوری واپس لے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات