سعودی عرب کے شہروں پر میزائل حملے نا قابل قبول ہیں٬ 14 اکتوبر کو سعودی عرب کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جائے گا٬ حافظ طاہر محمود اشرفی

پیر 10 اکتوبر 2016 19:51

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سر حد پر جمع ہونے کا اعلان اور سعودی عرب کے شہروں پر میزائل حملے قابل افسوس اور نہ قابل قبول ہیں۔ اقوام متحدہ ٬ اسلامی سربراہی کانفرنس ٬ عرب لیگ اور عالمی انسانی حقوق کے ادارے فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور حکومت پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنازے پر ہونے والے حملے کو بنیاد بنا کر سعودی عرب کے خلاف جارحیت کے اعلان کیے جا رہے ہیں جبکہ سعودی عرب اور عرب اتحاد خود اس حملے کی مذمت کر چکا ہے اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام اداروں کو تحقیقات کیلئے کہہ چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کو کسی صورت سعودی عرب کو تنہاء نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اکتوبر بروز جمعہ ملک بھر میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ وفاق المساجد پاکستان سے متصل 74000 سے زائد مساجد میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل تعاون کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :