بلاول بھٹو زرداری 16اکتوبر کو ریلی کی قیادت کرینگے٬مولا بخش چانڈیو

عوام کی بہت بڑی تعداد جمع کر کے سیاسی قوتوں کو سرپرائز دیں گے٬صوبائی مشیر اطلاعات

پیر 10 اکتوبر 2016 19:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کرنے کیلئے پی پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری 16اکتوبر کو ایک ریلی کی قیادت کرینگے جس میں وہ عوام کی بہت بڑی تعداد جمع کر کے سیاسی قوتوں کو ایک سرپرائز دیں گے ۔

یہ بات انہوں نے گذشتہ روز حیدرآباد میں پی پی پی کے رہنما عامر لغاری کی رہائش گاہ پر منعقدہ نیاز کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ16اکتوبر کو ہم یہ ثابت کرینگے کہ آج بھی عوام پی پی پی کے ساتھ ہے اور آج بھی انکے دل بھٹو کی محبت سے لبریز ہیں۔ عمران خان سے متعلق ایک سوال پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ میں سیاست اورسیاست میں کرکٹ کھیلی ہے او ر انکا وژن کلیئر نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیخنے چلانے سے انقلاب نہیں آیا کرتے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے نہ کوئی ہمدردی ہے اور نہ دشمنی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے دوست یا دشمن نہیں مگر صرف جمہوریت کے حامی ہیں اور سندھ کی تقسیم کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان اور ن لیگ کی نس نس میں بھٹو دشمنی بھری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں طالبان نے صرف ن لیگ اور پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے استحکام کیلئے سیاست کرتے ہیں۔ ایک سوال پرا نہوں نے کہا کہ موجودہ حالا ت کے تناظر میں محرم الحرام کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے تاہم حکومت سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا ہے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اس لیے امید ہے کہ محرم الحرام خیریت سے گذر جائیگا۔ایک سوال پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی پی پی نے کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلانے کیلئے کشمیریوں کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے اورمقبوضہ کشمیر میں بھارت کی کشمیریوں پر بدترین مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر فیاض شاہ٬صغیر احمد قریشی ٬ برکت ببر ٬ یاسر تالپور ٬ عامر لغاری ٬نجیب ابڑو ٬ عذیب ابڑو ٬ اظہر سیال٬ مہران شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔