محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور تک شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیاجائے٬ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان کا کے الیکٹرک سے مطالبہ

پیر 10 اکتوبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا ہے کہ محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور تک شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیاجائے اور شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مد میں مکمل ریلیف فراہم کیاجائے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران باالخصوص یوم عاشور تک ماتمی جلوس ٬ مجالس ٬ سبیلوں کاانعقاد کیاجاتا ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی کیلئے شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے الیکٹرک شہریوں سے اضافی بل کی مد میں بھاری وصولیاں کررہی ہے لیکن شہریوں کو بجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی میں مسلسل ناکام ہے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے مزید کہاکہ محرم الحرام میں کے الیکٹرک شہریوں کے مذہبی جذبات کا مکمل خیال رکھے اور اپنے تمام افسران اور عملے کو اس بات کا پابند کرے کہ وہ ایمرجنسی فالٹ آجانے کی صورت میں بھی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فعال اور متحرک رہیں ۔ #