Live Updates

وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن میںجمع جواب میں پھر جھوٹ بول دیا٬عمران خان

نواز شریف 2011 تک دستاویزی شکل میں الیکشن کمیشن٬ ایف بی آر سمیت پوری قوم کو بتاتے آئے ہیں کہ مریم نواز ان کے زیر کفالت ہے٬جواب میں مریم نواز کی کفالت سے دستبردار ہو گئی وزیر اعظم کا جھوٹ خود الیکشن کمیشن کیلئے ایک بڑا امتحان ہے٬ہ وزیر اعظم فرار کی جتنی مرضی کوشش کر لیں تحریک انصاف ان کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی٬چیئرمین تحریک انصاف

پیر 10 اکتوبر 2016 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن میںجمع کروائے گئے جواب میں ایک مرتبہ پھر جھوٹ بول دیا ہے۔ وکیل کی جانب سے داخل کئے گئے جواب میں وزیر اعظم مریم نواز کی کفالت سے سرے سے ہی دستبردار ہو گئے ہیں۔ ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف 2011 تک دستاویزی شکل میں الیکشن کمیشن, ایف بی آر سمیت پوری قوم کو بتاتے آئے ہیں کہ مریم نواز انکے زیر کفالت تھی۔

پارلیمان میں جھوٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں نواز شریف کا یوٹرن ثابت کرتا ہے کہ وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف وہ تمام دستاویز الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ چکی ہے جن میں نواز شریف نے مریم نواز کو اپنے زیر کفالت بتایا ہے۔

(جاری ہے)

روز اول سے جانتے ہیں کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کیلئے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ خدشہ ہے نواز شریف وزارت عظمٰی کے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کی کوشش کریں گے۔

وزیر اعظم یاد رکھیں کسی بھی قسم کی دھونس یا دھاندلی کے ذریعے ریکارڈ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے اور طاقت اور اقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم کا تازہ ترین جھوٹ ثابت کرتا ہے کہ انہیں پکڑے جانے کا کوئی خوف نہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پارلیمان میں بھی وزیر اعظم نے اسی لئے جھوٹ بولا کہ انہیں پارلیمان کی جانب سے باز پرس کا کوئی خدشہ نہیں تھا۔ وزیر اعظم کا جھوٹ خود الیکشن کمیشن کیلئے ایک بڑا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فرار کی جتنی مرضی کوشش کر لیں تحریک انصاف انکو کٹہرے میں کھڑا کرے گی ۔لوٹ مار کی ساتھ قوم سے بولے گئے ایک ایک جھوٹ کا بھی حساب لیں گے۔ ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات