بصارت سے محروم افراد کا عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی 15 اکتوبر کو منایا جا ئے گا

پیر 10 اکتوبر 2016 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) بصارت سے محروم افراد کا عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی 15 اکتوبر اس عزم کے ساتھ منایا جا ئے گا کہ یہ افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں٬ انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرکے عام افراد کے شانہ بشانہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

اس موقع پر بصارت سے محروم افراد کیلئے خصوصی پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں سیمینارز٬ مذاکرے اور آگہی واکس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نابینا افراد اس رنگ و بو کی دنیا کو نہیں دیکھ سکتے مگر حقیقت میں وہ بصیرت کی دولت سے مالا مال ہیں۔ اقوام متحدہ نی1964ء میں نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور کرتے ہوئے ہر سال 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا۔ ملک بھر میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے گورنمنٹ اور این جی اوز کے تحت تقریباً 200 ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں٬ خصوصی بچوں کو مراکز میں مفت داخلہ و تعلیم و تربیت٬ کتب٬ یونیفارم کے علاوہ ماہانہ 200 روپے وظیفہ اور فری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔