پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کے قتل کے مقدمے کو جہلم کی عدالت سے لاہور منتقلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مقدمہ کی منتقلی کیلئے راولپنڈی بنچ سے رجوع کیا جائے٬رجسٹرار آفس کا اعتراض/ اعتراض کیساتھ سماعت کیلئے پیش کر دی جائے ‘ وکیل کا موقف اس نوعیت کی درخواست کی سماعت کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے‘جسٹس عبد السمیع /چیف جسٹس 17اکتوبر کو سماعت کرینگے

پیر 10 اکتوبر 2016 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کے قتل کے مقدمے کو جہلم کی عدالت سے لاہور منتقلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ٬درخواست میں آئندہ کارروائی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کے روبرو 17 اکتوبر کو ہوگی۔

سامعہ شاہد کے شوہر اور مدعی مختار کاظم نے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست منتقلی کی درخواست دائر کی ۔جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمہ کی پیروی کرنے پر انہیںاور مقدمہ کے گواہوں کے جان کو شدید خطرہ ہے۔درخواست میں الزام لگایا گیا کہ سامعہ کے والد شاہد اور پہلے شوہر شکیل سمیت دیگر ملزم بااثر افراد ہیں اور ان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور بتایا گیا کہ سنگین نتائج کی دھمکیاں اور جان کی حفاظت کے لیے درخواست گزار کو بیرون ملک منتقل ہونا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

مدعی مختار کاظم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کی کسی رکاوٹ کے بغیر فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ اس مقدمہ کو جہلم کی عدالت سے لاہور کی کسی بھی عدالت میں منتقل کردیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ آفس نے درخواست اس اعتراض کے ساتھ واپس کردی کہ مقدمہ کی منتقلی کے لیے ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ سے رجوع کیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل ملک اویس خالد نے درخواست دوبارہ دائر کی اور استدعا کی کہ اس کو اعتراض کے ساتھ سماعت کے لیے پیش کردیا جائے۔

گزشتہ روز درخواست اعتراض کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبد السمیع خان کے روبرو سماعت کے لیے پیش کی گئی۔جسٹس عبد السمیع خان نے درخواست پر سماعت سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے اس سفارش کے ساتھ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی کہ اس نوعیت کی درخواست پر سماعت کا اختیار چیف جسٹس ہائیکورٹ کے پاس ہے۔درخواست پر آئندہ کارروائی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کے روبرو 17 اکتوبر کو ہوگی۔سامعہ شاہد کے قتل کا مقدمہ جہلم کی ضلعی عدالت میں زیر سماعت ہے ۔