Live Updates

آرمی چیف نے اچھے جنرل ہونے کا ثبوت دیا ہے ٬مدت ملازمت ختم ہونے پر کسی سینئر جنرل کو آرمی چیف بنایا جائے٬خورشید شاہ

جس ملک کا وزیر خارجہ نہیں اس ملک کی خارجہ پالیسی کیا ہوگی وزیر خارجہ مقرر نہ کرنا ہماری ناکامی ہی گیس قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرینگے ٬بانی ایم کیو ایم سمیت کسی بھی شخصیت کو محب وطن یا غدار ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتے٬30اکتوبر کا پی ٹی آئی کا دھرنا ان کا اپنا عمل ہے٬اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 18:13

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف راحیل شریف نے اچھے جنرل ہونے کا ثبوت دیا ہے تاہم ان کی مدت ملازمت ختم ہونے پر کسی سینئر جنرل کو آرمی چیف بنایا جائے٬جس ملک کا وزیر خارجہ نہیں اس ملک کی خارجہ پالیسی کیا ہوگی وزیر خارجہ مقرر نہ کرنا ہماری ناکامی ہے٬ملک کے غریبوں سے جینے کا حق بھی لے لیا گیا ہے٬گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرینگے٬ عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دینگے٬بانی ایم کیو ایم سمیت کسی بھی شخصیت کو محب وطن یا غدار ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتے٬30اکتوبر کا پی ٹی آئی کا دھرنا ان کا اپنا عمل ہے۔

لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے بانی رکن غلام محمد ماہوٹو کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ یہی بات کی ہے کہ جس ملک کا وزیر خارجہ نہیں اس ملک کی خارجہ پالیسی کیا ہوگی ٬ وزیر خارجہ مقرر نہ کرنا ہماری ناکامی ہے جس سے سارک کانفرنس سمیت دیگر اہم معاملات میں ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کی جانب سے دعوے کئے جاتے ہیں کہ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک کے غریبوں سے جینے کا حق بھی لے لیا گیا ہے اور ان کے منہ سے دو وقت کا نوالا بھی چھینا جارہا ہے٬ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد پر گیس کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ کرنا غریب عوام پر ظلم ہے٬ پیپلزپارٹی گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کریگی اور عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد کو سیل کرنے کا فیصلہ عوام کا نہیں عمران خان کا ہے٬اس میں پیپلزپارٹی کا کوئی کردار نہیںہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم بانی ایم کیو ایم سمیت کسی بھی شخصیت کو محب وطن یا غدار ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتے ٬انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کو چاہتا ہے اور پاکستان کا نعرہ لگاتا ہے وہ محب وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اربوں روپیوں کے ترقیاتی کام ہوتے ہیں جن میں سرکاری حکام کی نااہلی سامنے آتی ہے٬ ضروری ہے کہ ناقص چیزوں کی مانیٹرنگ کرنی چاہیے٬ قدیم عمارتیں اب بھی بہتر حالت میں کھڑی ہیں جبکہ 10 سال قبل تعمیر ہونیوالی عمارتیں زبوں حال ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں 90 ارب روپیوں کی ترقیاتی سکیمیں دینے کے اعداد و شمار کس نے دیئے ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جیسے بندے کو بغیر تصدیق کے یہ اعداد و شمار عدالت میں نہیں دینی چاہیے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات