آرمی چیف جنرل راحیل شریف کاپاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ

کیڈیٹس کیلئے تربیتی سرگرمیوں پی ایم اے کی استعداد بڑھانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا٬ چوتھی پاکستان بٹالین کا افتتاح کیا مستقبل کی قیادت ہر طرح کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز رکھے٬ اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ اقدار٬ فخر اور باہمی ہم آہنگی کی بنا پر ہم تمام چیلنجوں کو موثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں٬سربراہ پاک فوج

پیر 10 اکتوبر 2016 18:13

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی ایم اے کاکول میں تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیڈیٹس کیلئے انتظامی سہولیات کو سراہا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا دورے کے مقصد کیڈیٹس کیلئے تربیتی سرگرمیوںاور پی ایم اے کی استعداد بڑھانے کے منصوبوں کا جائزہ لینا تھاجبکہ انہوں نے چوتھی پاکستان بٹالین کا افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے تربیتی امور میں بہتری اور کیڈیٹس کیلئے انتظامی سہولیات کو سراہا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے زور دیا کہ مستقبل کی قیادت ہر طرح کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز رکھے۔ آرمی چیف نے کہا کہ اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ اقدار٬ فخر اور باہمی ہم آہنگی کی بنا پر ہم تمام چیلنجوں کو موثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے افسروں نے فرنٹ سے قیادت کرنے کی قابل فخر روایت برقرار کھی ۔ قبل ازیں پی ایم اے آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال آئی جی (ٹی اینڈ ای) لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم رضا نے کیا ۔