امریکی صدارتی امیدوارعافیہ کی رہائی کا اعلان کرکے پاکستانی عوام کو خیرسگالی کا پیغام دیں٬ عتیق میرچیئرمین آل کراچی اتحاد

پیر 10 اکتوبر 2016 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو جرم بے گناہی کی پاداش میں 86 سال کی سزا دیناظلم ہے۔ امریکہ پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرکے اس ظلم کا خاتمہ کرے۔ امریکہ میں جاری صدارتی انتخابی مہم کے امیدوار ڈاکٹر عافیہ کو رہاکرنے کا اعلان کرکے پاکستانی عوام کو خیرسگالی کا پیغام دیں۔

علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی پریس کلب پر 86 روزہ’’ ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کے 23ویں دن آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عتیق میرنے کہا کہ امریکہ دنیا بھر کے حوالے سے انسانی حقوق اور انصاف کا پرچار کرتا ہے لیکن امریکہ کے اندر ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی جاری ہے۔

امریکہ اپنا موجودہ چہرہ شفاف بنانے کیلئے ایک بیمار عورت ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں عوامی رائے کا احترام ضروری ہے ۔عوام ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ تسلسل سے کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت قوم سے کئے گئے اپنے بہت سے وعدوں میں سے ایک وعدہ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا پورا کرکے عوام میں اپنی ساکھ بہتر بنا سکتی ہے۔عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین عذرا امجد٬رواحہ عالم٬ نور خاتون٬ کرن سہیل٬نجمہ بی بی٬ روبینہ ابراہیم ٬ مقدس غلام رسول٬ فوزیہ ابراہیم ٬ عروج فاطمہ٬ عدنان بھٹی٬ امام حسین ہمدم و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک٬ ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔

متعلقہ عنوان :