لندن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملنے سے انکار

ڈاکٹر طاہرالقادری 21 اکتوبر کو کینیڈا سے واپس لندن پہنچیں گے٬ رہنما عوامی تحریک

پیر 10 اکتوبر 2016 17:51

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا جس کے بعد جہانگیر ترین٬ چوہدری سرور اور شیخ رشید کا دورہ لندن ناکام ہو گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین٬ چوہدری سرور اور شیخ رشید عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے لندن گئے تھے تاہم ڈاکٹر طاہر القادری نے ان رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا اور اچانک لندن سے کینیڈا روانہ ہو گئے۔

پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کینیڈا سے 21 اکتوبر کو لندن واپس آئیں گے جس کے بعد تحریک احتساب کے دوسرے مرحلے کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کے درمیان پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ سے قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے اور دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر کھلی تنقید بھی کی گئی تھی۔