محرم الحرام امن ٬اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ٬ْ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کی ہنگو میں علمائے کرام اورعمائدین سے ملاقات میں گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 16:40

ہنگو۔10اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے کہاہے کہ محرم الحرام امن ٬رواداری اور اخوت کا درس دیتا ہے ٬علماء کرام اور مشران مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیکر امن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائیں۔انہوں نے یہ بات پیر کو ہنگو کے دورہ کے موقع پر اہل تشیع اور اہل سنت مشران اور مذہبی شخصیات سے سے ملاقاتوں کے دوران کیا ۔

۔اس موقع پرآئی جی ایف سی خیبر پختونخوا شاہین خٹک ٬بریگیڈیئر ملک امیر محمد خان ٬کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین٬کمانڈنٹ ایف سی ٹل سکائوٹس کرنل منیر٬کمانڈنگ آفیسر ہنگو کرنل گوہر٬ڈی سی احسان اللہ٬ڈی پی او شاہ نظر٬پی اے اورکزئی زبیر خان سمیت شیعہ سنی مشران ٬علماء کرام موجود تھے۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے جو کہ امن ٬اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

اور محرم الحرام کے دوران امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کا قلع قمع کرنے کے لئے دونوں فریقین مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیکر پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور کسی کو امن کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام دینی مدارس میںطلباء کو اسلام کی قیمتی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور صحافی برادری علاقائی امن کے فروغ کے لئے مثبت اور تعمیری سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے امن کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں۔دریں اثناء اہل سنت اور اہل تشیع کے علماء کرام اورمشران نے کور کمانڈر پشاور کو امن و امان کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :