صوبہ میں معیاری گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے٬ صوبائی حکومت نے مکمل شفافیت برقرار رکھی ہوئی ہے٬ ترجمان محکمہ خوراک

پیر 10 اکتوبر 2016 16:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک قلندر خان کی خصوصی دلچسپی سے محکمہ خوراک نے لاکھوں بوریاں معیاری گندم کی خرید کر خیبر پختونخوا حکومت کو اربوں روپے کا منافع دیکر تاریخ رقم کی جس کی بدولت نہ صرف ہزارہ بلکہ صوبہ بھر میں معیاری گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے تمام غلہ گوداموں کیلئے معیاری گندم کی خریداری کی گئی٬ اس ضمن میں ضلع ایبٹ آباد کیلئے گندم کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 17 ہزار ٹن گندم خریدی گئی۔

صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق صوبہ بھرمیں گندم کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گندم کی گوداموںمیں منتقلی کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری ہے٬ صوبائی حکومت نے مکمل شفافیت برقرار رکھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ہزارہ میں گندم کی قلت یا غیر معیاری گندم کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں٬ صوبائی حکومت بالخصوص وزیر خوراک کی خصوصی دلچسپی کی بدولت محکمہ خوراک میں شفافیت پر کوئی شک نہیں کر سکتا۔ ترجمان کے مطابق وزیر خوراک کی جانب سے گذشتہ 3 سالوں کے دوران محکمہ کو اربوں روپے کا منافع ان کی اعلیٰ کارکردگی کامنہ بولتا ثبوت ہے٬ غلہ گوداموں میں گندم انتہائی معیاری ہے اور ذخیرہ ضرورت کے مطابق ہے۔