ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم کی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

پیر 10 اکتوبر 2016 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عبدالرئوف عالم نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس انعام کے حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے ایک ڈوبتی ہوئی معیشت کو نہ صرف مسائل سے نکالا بلکہ اسے ترقی کے راستے پر بھی ڈال دیا ہے٬ وزیر خزانہ کو انعام ملنا صرف انکا نہیں بلکہ ساری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔

پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری پہلے ہی وزیر خزانہ کی صلاحیتوں کی معترف تھی جبکہ دنیا کے درجنوں اہم اداروں نے انکی کامیاب اقتصادی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے جو ہمارے لئے فخر کا مقام ہے۔

(جاری ہے)

اب انھیںیہ اعزاز دیا گیا ہے جو ان کی پالیسیوں پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ وزیر خزانہ کی پاکستان کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور انھیں وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ کا مکمل اعتماد حاصل ہے٬ ان کی شبانہ روز کوششوں کے سبب معیشت مستحکم ہو رہی ہے جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم بھی کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تمام سٹاک مارکیٹوں میں انضمام ہو گیا ہے٬ زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں٬ روپے کی قدر برقرار ہے جبکہ ملکی قسمت بدلنے والے منصوبہ اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی تاکہ پاکستان ایک اہم اقتصادی قوت بن کر ابھر سکے۔

متعلقہ عنوان :