کرپشن کیس ٬حیدرآباد چیمبر کے صدر گوہر اللہ کے جسمانی ریمانڈ پر 22اکتوبر تک توسیع

ملزم کے 50 بینک اکاؤنٹس کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے٬کوئلے کی خرید و فروخت کا یہ کام سرکاری افسران کی ملی بھگت سے کیا تھا ٬نیب کا موقف

پیر 10 اکتوبر 2016 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) احتساب عدالت نے کوئلے کی خریدو فروخت میں دو ارب روپے سے زائد کرپشن کیس میں ملوث حیدر آباد چیمبر آف کامرس کے صدر گوہر اللہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے ۔ پیر کوکراچی کی احتساب عدالت میں کوئلے کی خرید و فروخت میں دو ارب روپے سے زائد کی کرپشن کیس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ٬جہاں عدالت میں حیدر آباد چیمبر آف کامرس کے صدر گوہر اللہ پیش ہوئے ۔

دوران سماعت نیب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے کوئلے کی خرید و فروخت میں دو ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے ۔ ملزم کو کوئلے کی کان ایک سالہ لیز پاور جنریشن کے لیے ملی تھی ٬ جہاں ملزم نے دو ارب روپے سے زائد کا کوئلہ مارکیٹ میں بیچ دیا ۔

(جاری ہے)

ملزم نے کوئلے کی خرید و فروخت کا یہ کام سرکاری افسران کی ملی بھگت سے کیا تھا ۔ نیب نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے 50 بینک اکاؤنٹس کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے ۔

لہذا ملزم سے مزید تفتیش کے لیے اس کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی جائے ۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم گوہر اللہ کے بینک اکاؤنٹس کو قانونی قرار دیا اور نیب کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزم گوہر اللہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی اور کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :