ڈبل سواری ٬عدالت کا گرفتارشہریوں کو 5اور 10ہزار مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم

دفعہ144کی خلاف ورزی پر مقدمات کیوں درج کیے گئے٬ ملزمان کو تھانوں سے ہی شخصی ضمامت پر کیوں رہا نہیں کیا گیا٬عدالت کا اظہار برہمی

پیر 10 اکتوبر 2016 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء)کراچی کی مقامی عدالت نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کرنے پر گرفتار شہریوں کو 5 اور 10ہزار کے مچلکوں پررہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔پیرکومقامی عدالت میں ڈبل سواری کی پابندی کے خلاف گرفتار 100 سے زائد شہریو کو کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات کیوں درج کیے گئے ہیں۔

ان ملزمان کو تھانوں سے ہی شخصی ضمامت پر کیوں رہا نہیں کیا گیا۔ہائی کورٹ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کرنے سے منع کر رکھا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو5٬5اور10٬10 ہزار کے مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے حکومت کی جانب سے 8٬9 اور10 محرم تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کی گئی ہے۔