سمیعہ شاہد کے قتل کاٹرائل اور تفتیش لاہور منتقل کرنے کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم ٬ابتدائی سماعت کے لئے منظور

پیر 10 اکتوبر 2016 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے غیرت کے نام پر قتل ہونے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سمیعہ شاہد کے قتل کاٹرائل اور تفتیش لاہور منتقل کرنے کے لئے دائر درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

مدعی کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ سمیعہ شاہد کو اس کے سابق خاوند شکیل نے اپنے باپ کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پرقتل کر دیا تھا۔مدعی مقدمہ اور اس کیس کے گواہوں کی جان کو شدید خطرات ہیں لہٰذا معاملے کی حساسیت اور انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر مقدمے کی تفتیش اور ٹرائل لاہور میں منتقل کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے ٹرائل منتقلی کی درخواست راولپنڈی بنچ میں دائر نہ کرنے کا بلاجواز اعتراض عائد کیا گیا ہے۔جس پر فاضل عدالت نے رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔

متعلقہ عنوان :