خیبر پختونخواہ اور بھکر کے سرحدی علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا

انتہائی حساس علاقوں کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں سے مدد لی جائے گی

پیر 10 اکتوبر 2016 15:32

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخواہ اور بھکر کے سرحدی علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے٬ بغیر شناخت کسی کو بھی داخلہ نہیں ہونے دیا جائے گا٬ انتہائی حساس قرار دیئے گئے تمام علاقوں کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں سے مدد لی جائے گی٬ تمام اضلاع میں کنٹرول روم کے ساتھ ساتھ ڈی پی او کو بھی حساس جگہوں پر سخت نگرانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے٬ ان خیالات کا اظہار آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید نے گزشتہ روز آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا٬ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے تمام سرحدی راستوں کے ساتھ ساتھ کالا باغ٬ چشمہ بیراج پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں٬ پولیس کی اضافی نفری اور بیریئر بھی لگا دیئے گئے ہیں جو میانوالی میں داخل ہونے والے تمام گاڑیوں کی مکمل جانچ پڑتال اور تلاشی کے عمل کو یقینی کرنے کے بعد ہی داخل ہونے دے گی٬ اسی طرح بھکر کے تمام علاقوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے٬ تا کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے٬ آر پی او سرگودھا نے کہا کہ گزشتہ دنوں سرگودھا سے پکڑے جانے والے دو افراد جن کا تعلق القاعدہ اور دیگر کالعدم تنظیموں سے ہے کے بعد ڈویژن بھر کے چاروں اضلاع کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے نئی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے٬ اس ضمن میں تمام ڈی پی اوز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل رابطے میں ہیں٬ قائم کیے جانے والے مانیٹرنگ سیل بھی اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں٬ جو گاہے بگاہے تمام اضلاع کی رپورٹ سے آگاہ کر رہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے سرحدی علاقے کچہ کے تمام علاقوں میں بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جو رات کو بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہے٬ بغیر شناخت کے کسی کو بھی ڈویژن میں داخل ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا رہی٬ انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس علاقوں کی مانیٹرنگ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی خدمات تن دہی سے انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :