بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادنے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ سالانہ 2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا

پیر 10 اکتوبر 2016 15:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادنے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت) سالانہ 2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا امتحان میں کل 76255 طلباء و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 40316 پاس جبکہ کامیابی کا تناسب 52.87 فیصد رہا ۔ آن لائن کے مطابق ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے کمپیوٹر سیکشن میں نتائج کے بورڈ کی ویب سائیٹ پر اًپ لوڈ کرنے کی پروقار تقریب زیرصدارت چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہراور سسٹم اینالسٹ محمد طارق سمیت دیگر متعلقہ افسران و ملازمین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد میں ملکی سلامتی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعاہوئی۔

(جاری ہے)

جب 10 بج کر 10 منٹ ہوئے تو چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ‘ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے مشترکہ طور پر کمپیوٹر کا بٹن دبا کر رزلٹ کو بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر اًپ لوڈ کر دیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء وطالبات کے وسیع تر مفاد کی خاطر رزلٹ انتہائی احتیاط اور سپر چیکنگ کے بعد تیار کئے گئے ہیں اس لئے غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم اگر کوئی بچہ اپنے نتائج سے مطمئن نہیں تو وہ بورڈ قوانین کے مطابق 25۔

اکتوبر 2016ء تک ری چیکنگ فارم جمع کروا کے اپنی کاپی خود چیک کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ ملازمین بچوں کے تعلیمی ریکارڈ کے امین ہیں اس لئے سب سے زیادہ ذمہ داری بھی ہم پر ہی عائدہوتی ہے کہ ہم اپنے فرائض کی بجاآوری میں کبھی تساہل یا غفلت کا مظاہرہ نہ کریں خدانخواستہ اگر ہماری وجہ سے کسی بچے کا مستقبل تاریک ہو گیا تو پھر خدا کی پکڑ سے ہمیں کوئی نہیں بچا سکے گا۔

انہوں نے شفاف و غلطیوں سے پاک نتائج تیار کرنے پر بورڈ افسران وملازمین کے کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بروقت نتائج کی تیاری ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس پر ہم سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بتایا کہ امتحان میں کل 76255 طلباء و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 40316 پاس جبکہ 35939 فیل ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 52.87 فیصد رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریگولر طلباء وطالبات کے رزلٹ کارڈز ان کے تعلیمی اداروں کے اکائونٹس میں منتقل کر دیئے گئے ہیں جہاں سے وہ 13۔ اکتوبر سے 30۔اکتوبر2016ء تک پاس ورڈ (خفیہ کوڈ) دے کر اپنے اداروں کے طلباء وطالبات کے رزلٹ کارڈ خود ڈائون لوڈ کریں گے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کے رزلٹ کارڈز ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر جلد ہی ارسال کر دیئے جائیں گے ۔کنٹرولر امتحانات نے بھی چیئرمین بورڈپروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ‘ سیکرٹری بورڈخرم قریشی ‘ سسٹم اینالسٹ محمد طارق اور اسسٹنٹ کنٹرولر انٹر رانا لیاقت علی خاں سمیت دیگر متعلقہ ملازمین کو بروقت نتائج کی تیاری پر مبارکباد دی۔