کامرس نیوز*

کاشتکار کپاس کی چنائی اس وقت شروع کریں جب 50فیصد سے زیادہ ٹینڈ ے کھل جائیں٬ محکمہ زراعت فیصل آباد

پیر 10 اکتوبر 2016 15:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2016ء) ڈاکٹر صغیر احمد ڈائریکٹر کپاس ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کپاس کی چنائی اس وقت شروع کریں جب 50فیصد سے زیادہ ٹینڈ ے کھل جائیں تاکہ اعلیٰ معیار کی کپاس حاصل ہوسکے ۔ کپاس کی چنائی صبح 10بجے شروع کریں تاکہ کھلے ہوئے ٹینڈوں کی روئی میں شبنم کی وجہ سے نمی باقی نہ رہے ۔

انہوں نے کہاکپاس کی چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے پکے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کریں اور اوپر کو چنائی کرتے جائیں۔ چنائی کے دوران چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھیں تاکہ پھٹی آلودگی سے محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کپاس کی چنائی کا درمیانی وقفہ کم ازکم پندرہ سے بیس دن رکھیں ۔

(جاری ہے)

جلدی چنائی کرنے سے ریشہ کچا رہ جاتا ہے ۔

پھٹی کو بوریوں میں بھرنے سے پہلے ناکارہ اور نیم پختہ ٹینڈوں کو نکال دیں اور چنی ہوئی کپاس میں نمی کچے ٹینڈے ٬ ٹینڈوں کے ٹکڑے ٬ رسیاں ٬ سوتلی اور بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں ورنہ پھٹی کا معیار گر جائے گا جس سے منڈی میں کم قیمت حاصل ہوگی اور اس سے بننے والے دھاگے اور کپڑے کا معیار بھی بہتر نہیں ہوگا۔ کپاس کی مختلف اقسام کو چنائی کے بعد علیحدہ رکھیں اور کپاس کو زیادہ دیر تک سٹور نہ کریں کیونکہ اس سے کپاس کی کوالٹی متاثر ہوتی ہے ۔۔

متعلقہ عنوان :