مسلم لیگ (ن) کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں دیگر سیاسی امور پر بات چیت کے علاوہ بھارت کو ب واضح پیغام دیا گیا ہے ٬ پاکستان امن کا خواہاں ہے٬ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی اے پی پی سے گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں دیگر سیاسی امور پر بات چیت کے علاوہ بھارت کو بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا ائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکویہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوے کیا۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اراکین مجلس عاملہ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورم پر اجاگر کرنے اور نہتے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے لئے موثر پالیسیوں پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی کوششوں کی تعریف کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سیر حاصل بات چیت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مرکزی عہدیداروں کے انتخاب کے لئے 18اکتوبر کو اجلاس بلایا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کے سربراہ اور اراکین کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے جامع خطاب میں توانائی٬ انفراسٹرکچر کی ترقی اور امن و امان کی بہتری کے لئے اقدامات پر روشنی ڈالی جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور عالمی ادارے اس کے معترف ہیں۔ بلوچستان میں امن آیا ہے٬ کراچی 2013ء کی نسبت بہتر ہے٬ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں تحریک انصاف کے مظاہرے کو اہمیت نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ موضوع بحث تھا اور نہ آیا تاہم میرا اپنا ایک موقف ہے کہ 30اکتوبر کا دن بھی گزر جائے گا اور قوم بھی اسے اہمیت نہیں دے گی لیکن عام شہریوں کوتنگ کرنا بلا جواز ہے اور ایسے مظاہروں سے ماضی میں بھی عوام الناس بری طرح متاثر ہوئے اور اب پھر عوام کو پریشانی سے دوچار کرنے کے لئے اسلام آباد بند کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔