بلدیہ کورنگی نے یوم عاشور پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی

پیر 10 اکتوبر 2016 15:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) بلدیہ کورنگی نے یوم عاشور پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ٬ضلع کورنگی کی حدود میں برآمد ہونے والے ماتمی و تازیہ جلوسوں کے راستوں پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری اور یوم عاشور پر جلوسوں کے روٹس پر سبیل ٬استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ قائم کئے جائیں گے ۔

اس حوالے سے پیر کو چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا ٬وائس چیئر مین رکن الدین تاج اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کورنگی میں یوم عاشور پر ایمرجنسی بلدیاتی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔اجلاس میں بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ٬یونین کمیٹیز کے چیئر مینوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئر مین سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر عوام کو مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا ۔

انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ ساتھ منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ دیگر بلدیاتی انتظامات کو یقینی بنا یا جائے ۔ سید نیئر رضا نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی کے حدود میں ماتمی و تازیہ جلوسوں کے روٹس پر قائم تمام تر تجاوزات٬ رکاوٹوں اور پارکنگ کو فی الفور ختم کیا جائے۔