سمندر میں کارروائی کے دوران 60 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد٬ اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے 8 نئے بحری جہاز خرید ے جا رہے ہیں٬ سیکیورٹی اہلکار کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں٬ اگر دشمن نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا٬ ڈائر یکٹر جنرل پی ایم ایس اے

پیر 10 اکتوبر 2016 15:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی(پی ایم ایس ای) کے ڈائر یکٹر جنرل رئیر ایڈ مرل جمیل اختر نے کہا ہے کہ پی ایم ایس اے نے کھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹن منشیات برآمد کر لی ہیں جس کی قمیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 60 کروڑ روپے ہے۔ پیر کو پی ایم ایس اے ہیڈ کواؑٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر7 اکتوبر کی شب بین الاقوامی مغربی سرحد کے پاس دو مشکوک بوٹس کا پی ایم ایس اے کی فاسٹ ریسپانس بوٹس نے تعاقب کیا مگر بوٹس پر موجود اسمگلرز نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسری بوٹ پر سوار ہو کر پڑوسی ملک کی سمندری حدود میںفرار ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ جب قبضہ میںلی گئی بوٹ کی تلاشی لی گئی تو اس سے ایک ٹن منشیات برآمد ہوئی جس کی بین الااقوامی مارکیٹ میں قیمت 60 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پکڑی گئی منشیات مزید کارروائی کے لئے پاکستان کسٹمز گوادر کے حوالے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف پاکستان کسٹمز ٬ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان نیوی ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ایس اے 8 نئے بحری جہاز خرید رہا ہے جو اسمگلنگ کی روک تھام میں مزید معاون ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 4 جہاز چین اور 2امریکا پاکستان کو فراہم کرے گا جبکہ دو جہاز چین کے تعاون سے پاکستان میں تیار کئے جارے ہیں۔ ڈی جی نے کہا کہ ہمارا ادارہ سرچ ریسکیو٬ اسمگلنگ٬ سمندری حدود میں غیر قانونی فشنگ٬ دہشت گردی اور سمندری آلودگی کی روک تھام کے لئے کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ساحلی علاقہ مشرق میں سرکریک سے لیکر مغرب میں جیوانی تک تقریبا 1ہزارکلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے اور اس پورے علاقہ کی نگرانی کے لئے پی ایم ایس اے کے پاس سمندری جہاز٬ تیز رفتار بوٹس اور ہوائی جہاز موجودہیں ۔ بعدازں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندری حدود میں ہمارے سیکیورٹی اہلکار کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اگر دشمن نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑا مسئلہ سمندری آلودگی کا ہے روزانہ 4 ملین گیلن فضلہ اور 8 ہزار ٹن سالڈ ویسٹ سمندرمیں ڈالا جارہا ہے٬ جس کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ اس موقع پر کلکٹر پاکستان کسٹمز گوادر سعید اکرم نے کہا سمگلنگ کے خاتمے کے لئے پاکستان کسٹمز بھر پور اقدامات کر رہا ہے اور ہماری زیادہ تر کارروائیاں زمین پر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا ہمارے پاس بوٹس نہ ہونے کی وجہ سے سمندر میں کارروائی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :