دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تنازعات٬ سیاسی٬ معاشی اور سماجی پسماندگی کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے ٬ْ ملیحہ لودھی

ملک سے دہشت گردوں کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے ٬ْ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم ریاستی دہشت گردی ہے ٬ْ مسئلے پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے ٬ْ پاکستانی مندوب کا خطاب

پیر 10 اکتوبر 2016 13:40

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تنازعات٬ سیاسی٬ معاشی اور سماجی پسماندگی کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے ٬ْملک سے دہشت گردوں کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے ٬ْ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم ریاستی دہشت گردی ہے ٬ْ مسئلے پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

بین الاقوامی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات پر اقوام متحدہ میں مباحثہ کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاکہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی اور جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے٬ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کثیر جہتی حکمت عملی اپنا رکھی ہے تاہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تنازعات٬ سیاسی٬ معاشی اور سماجی پسماندگی کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نقصانات سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوا لہذا ملک سے دہشت گردوں کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے جب کہ پاکستان بیرون ملک سے اسپانسرڈ دہشت گردی کا شکاررہا ہے۔ملیحہ لودھی نے مغرب میں اسلام فوبیا کو ہوا دینے والوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ٬ْ دنیا متفق ہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب کے ساتھ منسلک نہیں کیا جا سکتا لیکن مغرب میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں اسلام فوبیا کو ہوا دے کر سیاسی فائدہ حاصل کررہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کا پھیلاؤ روکنے کیلئے دیرینہ تنازعات کے حل کی ضرورت ہے تاہم عالمی برادری دہشت گردی کی وجوہات بننے والے عوامل پر توجہ نہیں دے رہی٬ دنیا سخت اقدامات کے باوجود دہشت گردی کو شکست نہیں دے پا رہی۔مباحثے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم ریاستی دہشت گردی ہے ٬ْ مسئلے پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے شہریوں کا قتل عام جاری ہے٬ بین الاقوامی برادری کا اس بات پر اتفاق ہے کہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے انتہا پسندی میں اضافہ ہورہا ہے٬ اپنے حق خودارادیت اور بیرونی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے والے افراد کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال دہشتگردی ہے۔

متعلقہ عنوان :