مساجد ٬ مزارات ٬ درباروں٬ خانقاہوں کی خصوصی سکیورٹی کے احکامات جاری

پیر 10 اکتوبر 2016 13:00

فیصل آباد۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے یوم عاشور کے موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مساجد اور مزارات٬ درباروں٬خانقاہوں کی خصوصی سکیورٹی کے احکامات جاری کئے ہیںاورمتعلقہ اضلاع کے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ اوقاف کی درخواست کی روشنی میں جھنگ ٬ شورکوٹ ٬ فیصل آباد اور سرکل کے دیگر علاقوں میں موجود محکمہ اوقاف کی 44مساجداور 54 مزارات و درباروں سمیت صوبہ بھر میں موجود ایسے ہی مقامات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں اور یوم عاشور کی رات تک کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ احکامات کی روشنی میں اگرچہ ان مساجد اور درباروں و مزاروں میں کوئی بھی حساس مقام شامل نہیں تاہم حفاظت خود اختیاری اور زائرین کی سہولت کیلئے انہیں مناسب سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ یوم عاشور تک کسی ناخوشگوار واقعہ کا احتمال نہ رہے۔