جلوسوں اور مجالس کے شرکاء پر چادر اور جیکٹس پہن کر شامل ہونے پر پابندی

پیر 10 اکتوبر 2016 13:00

فیصل آباد۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء)حفاظتی و تدارکی انتظامات اور سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کے تحت یوم عاشور کے اختتام تک تعزیہ ٬ علم ٬ ذوالجناح کے جلوسوں اور مجالس میں چادر اوڑھ کر اور جیکٹس پہن کر شامل ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت مجالس ٬ ماتمی جلوسوں کی انتظامیہ کے افراد سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے اور علاقے کے بہترین مفاد میں چوکس رہیں اور کسی ایسے شخص کو صرف مخصوص لباس کی آڑ میں مجالس اور ماتمی جلوسوںمیں شامل ہونے کی اجازت نہ دی جائے جس نے جیکٹس پہن یاچادر لے رکھی ہو ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ یہ بات مشاہدے میںآئی ہے کہ دہشت گرد جیکٹس پہن کر اور چادر اوڑھ کر خود کش حملوں اور بم دھماکوں کا موجب بنتے ہیں لہٰذا حفاظتی اقدامات کے تحت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مجالس و جلوسوں کے انتظامی افراد اور قانون نافذکرنے والے اہلکار مکمل احترام کے ساتھ ان مذہبی تقاریب میںشرکت کرنے والوں کی جامہ تلاشی لیں اور مشکوک خواتین کی تلاشی کیلئے بھی زنانہ پولیس کی خدمات سے استفادہ کیاجائے۔