یوم عاشور پر فیصل آباد گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازار اور حساس مقامات سیل کرنے کا فیصلہ

پیر 10 اکتوبر 2016 13:00

فیصل آباد۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ یوم عاشور کے روز امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ خدشات سے بچائو ٬ فول پروف سکیورٹی سمیت تمام ممکن حفاظتی و تدارکی اقدامات کے پیش نظر فیصل آباد گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازار اور حساس قرار دیئے گئے مقامات کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ تعزیہ ٬ ذوالجناح ٬ علم سرکار وفا کے ماتمی و عزاداری جلوسوں کے اوقات میں لنک گلیوں کو بھی خار دار تاریں لگا کر بند کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ غیر متعلقہ یا شر پسند عناصر ان ملحقہ گلیوں کے راستے ماتمی جلوسوں میں شامل نہ ہو سکیں۔

ذرائع نے بتایاکہ یوم عاشور کے روز حفاظتی و تدارکی انتظامات کے تحت جلوسوں کے راستوں میں چھتوں اور مختلف مقامات پر مورچہ بند پولیس اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ حساس جلوسوں کے ارد گرد پولیس قومی رضاکاران اور اہل تشیع کے نوجوان ورکرزکا حصار بھی قائم کیا جائے گا تاکہ صرف مومنین حضرات ہی ماتمی جلوسوں میں شامل ہو سکیں ۔ انہوںنے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ یوم عاشور کے راستوں میں بلاوجہ کھڑے ہونے سے گریز کریں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی جگہ پر کوئی مشکوک چیز یا شخص نظر آئے تو اس کی فوری اطلاع ریسکیو 15یا قریبی پولیس سٹیشن کو دی جائے۔

متعلقہ عنوان :