جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ اسحاق ڈارکیلئے جنوبی ایشیاء کے بہترین وزیرخزانہ کا ایوارڈ وصول کرلیا

وزیرخزانہ مصروفیات کی وجہ سے آئی ایم ایف اورعالمی بنک کے سالانہ اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے میگزین نے پاکستان کی کامیاب اقتصادی اورمعاشی پالیسیوں کا اعتراف کیا ہے ٗ پاکستانی سفیر کی گفتگو

اتوار 9 اکتوبر 2016 17:04

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ اسحاق ڈارکیلئے جنوبی ایشیاء کے بہترین وزیرخزانہ کا ایوارڈ وصول کرلیا۔۔وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پاکستان میں مصروفیات کی وجہ سے آئی ایم ایف اورعالمی بنک کے سالانہ اجلاس میں شریک نہ ہوسکے جس کی وجہ سے پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ کی طرف سے یہ قابل فخر ایوارڈ وصول کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کے میگزین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہاکہ میگزین نے پاکستان کی کامیاب اقتصادی اورمعاشی پالیسیوں کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی عوام کی فلاح وبہبود، ملکی معیشیت کے استحکام ،ترقی اوراصلاحات کی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشیت مستحکم ہوئی ہے اورملک پائیدارترقی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے۔انہوں نے وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر ان کی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے پاکستان کو خطے کا اہم معاشی طاقت بنانے میں کلیدی کردارادا کیاہے۔