غیرت کے نام پر قتل پر سخت سزا دینے کا بل منظور ہونے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی پارلیمنٹ اور پوری قوم کو مبارکباد،ملک بھر میں قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے،روشن خیال اور ترقی پسند قوتیں حکومت کا ساتھ دیں،وزیراعظم محمد نواز شریف

جمعرات 6 اکتوبر 2016 23:12

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں غیرت کے نام پر قتل پر سخت سزا دینے کا بل منظور ہونے پر پارلیمنٹ اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ، این جی اوز، سول سوسائٹی، دانشوروں، میڈیا اور اس کیلئے محنت اور حمایت کرنے والوں کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل پاکستان کو درپیش انتہائی اہم مسائل میں سے ایک تھا، حکومت معاشرے سے اس دھبہ کو ہٹانے کیلئے تمام ممکنہ طریقے اختیار کرنے کیلئے پرعزم تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے اس قانون کی پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے کام کیا ہے اسی طرح ملک بھر میں اس قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے، خواتین ہمارے معاشرے کا انتہائی اہم حصہ ہیں،میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کو تحفظ فراہم کرنے اور تسلط سے آزادی دلانے پر یقین رکھتا ہوں تا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مساوی کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بالخصوص روشن خیال اور ترقی پسند قوتیں اس قانون پر عملدرآمد کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور ان لوگوں کو پکڑیں جو فضول رسم و رواج اور طرز عمل کے ذریعے خواتین کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔