امریکی قونصل جنرل کی وفد کے ہمراہ چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن سے ملاقات

تجارتی کاروباری حجم بڑھانے اور بزنس اپارچونیٹی کانفرنس کراچی میں منعقد کرنے پر بات چیت

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور امریکی محکمہ تجارت کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے ایشیا،انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈ منسٹریشن جیمزگولسن نے سات رکنی وفد کے ہمراہ جمعرات کوچیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے ان کے دفتر فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر کراچی میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی وکاروباری حجم اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پرچیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا کہ چین اور سوئزرلینڈ کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے امریکہ تیسرا بڑا سرمایہ کار ملک ہے اور پاکستان کی امریکہ کو برآمدات ،امریکہ سے پاکستان آنے والی درآمدات کے مقابلے میں تقریبا دو گنی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم اس تجارتی وکاروباری حجم کو بڑھانا چاہتے ہیں اور امریکی برآمدات کی بھی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں ۔

تاکہ ہمارے یہاں جدید ٹیکنالوجی آئے چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا کہ گزشتہ دس سالہ گراف کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں کمی آتی جارہی ہے ۔پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے اس گرتے ہوئے گراف کو اوپر اٹھانے کے لئے ہم امریکہ اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کی آئندہ بزنس اپارچونیٹی کانفرنس کا کراچی میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو تجارتی اور کاروباری مواقعوں کے بارے میں آگاہی ہو ۔

امریکی قونصل جنرل اور ان کے وفد کے اراکین نے چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے روابط کو مسلسل اور موثر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ وہ اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :