ارکان پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کے احکامات نظر انداز کر دیئے،406ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی

15 اکتوبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی، الیکشن کمیشن آف پاکستان

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) ارکان پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کے احکامات نظر انداز کر دیئے ہیں،آخری تاریخ 30 ستمبر گزرنے کے باوجود 406ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کروائی ہیں۔الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیل جمع کروانے اور نہ کروانے والوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ کل 1174 ارکان پارلیمنٹ میں سے صرف 756 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا ئی ہیں۔

کل 104 سینیٹرز میں سے 76 نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کروائی ہے جبکہ سینٹ کے 28 ارکان نے تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔قومی اسمبلی کے 342 ارکان پارلیمنٹ میں سے 246 ارکان نے اپنی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے 93 ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی اسمبلی پنجاب کے 371 ارکان میں سے 216 نے تفصیلات جمع کروائی ہیں، صوبائی اسمبلی سندھ کے کل 168 ارکان اسمبلی میں سے 110 نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروائی، صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے کل 124 ارکان میں سے 60 نے تفصیلات جمع کروائی ہیں، صوبائی اسمبلی بلوچستان کے کل 65 ارکان میں سے 48 نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی۔

وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 30 ستمبر تک ارکان کو اپنے اور اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ 15 اکتوبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔