Live Updates

آصف زرداری کی دانشمندانہ ،سیاسی سوچ کی بدولت (ن) لیگ ،عمران خان کی سیاست اب تک زندہ ہے، مولا بخش چانڈیو

پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان پاکستانیوں کی سمجھ سے بالاتر ہیں ، مشیروزیراعلی سندھ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان پاکستانیوں کی سمجھ سے بالاتر ہیں ۔عمران خان جو ہر وقت لوگوں کو بلا وجہ تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جو شہیدو ں کی جماعت ہے جس کے وزراء ،کارکن اور عوام جمہوریت کی بقاء اور تسلسل کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر محترم سابق صدر آصف علی زرداری کی دانشمندانہ اور سیاسی سوچ کی بدولت مسلم لیگ ن اور عمران خان کی سیاست اب تک زندہ ہے ۔یہ بات ان کو ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ سابق ڈکٹیٹر ضیاء الحق کی باقیات اور اس سوچ کے حامل لوگوں کا مائنس ون فارمولا خواب کبھی شرمندہ تعمیر نہیں ہوگا ۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ ن جو خود ضیاء الحق کی باقیات ہیں وہ آج نادیدہ قوتوں کے ساتھ ملکر مائنس ون فارمولے کا خواب دیکھ رہے ہیں جو کسی بھی صورت پورا نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان جو انقلاب کی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن کشمیر جیسے مسئلے پر بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ان کی عدم شرکت نے خود انہیں مشکوک بنا دیا ہے ۔

عمران خان بتائیں کہ آخر کس کے اشارے پر وہ ان اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے ۔مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ امپائر یا کسی اور کی بھی انگلی اٹھ جانے سے اور عمران خان بھڑکیں مارنے سے کبھی بھی انقلاب نہیں آتا۔یہ بات انہیں ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کے مسئلے یا کسی بھی قومی سلامتی کے مسائل پر باجود اختلاف کے ہمیشہ حکومت وقت کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام جاسکے کہ پاکستانی عوام متحد ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات