Live Updates

عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع کے بعد اسلام آباد بند کرنے کا اعلان سمجھ سے بالا تر ہے ٗمسلم لیگ (ن)

عمران خان اسلام آباد میں سرجیکل اسٹرائیک سے پہلے پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام دکھائیں ٗدانیال عزیز اور محمد زبیر کی گفتگو

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما دانیال عزیز نے کہاہے کہ عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع کے بعد اسلام آباد بند کرنے کا اعلان سمجھ سے بالا تر ہے ٗ عمران خان اسلام آباد میں سرجیکل اسٹرائیک سے پہلے پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام دکھائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے رہنماؤں دانیال عزیز اورمحمد زبیرنے کہاکہ عوام پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔

دانیال عزیز نے کہاکہ عمران خان جس قسم کی زبان استعمال کر رہے ہیں ایسی میں بھی کرسکتا ہوں، تاہم ایسی زبان کسی لیڈر کو زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی آئی جے کی جانب سے نواز شریف کے بچوں کے نام کی بجائے نواز شریف کا نام لکھ کر واردات کی گئی جس غلطی کا اعتراف آئی سی آئی جے کرچکی ہے، عمران خان اسلام آباد میں سرجیکل اسٹرائیک سے پہلے پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام دکھائیں۔

(جاری ہے)

محمد زبیر نے کہاکہ عمران خان نے اداروں کی تضحیک کو معمول بنا لیا ہے۔ چیلنج کرتا ہوں عمران خان قانون بتا دیں جس پر ایف بی آر نے کام نہیں کیا ہو۔محمد زبیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاناما سے متعلق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ایک طرف پٹیشن دوسرے طرف اسلام آباد بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں ٗ عمران خان نے اداروں کی تضحیک کو معمول بنا لیا ہے۔

چیلنج کرتا ہوں عمران خان قانون بتا دیں جس پر ایف بی آر نے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں میں ایماندار اور قابل لوگ کام کر رہے ہیں لیکن اداروں کی روزانہ تضحیک کی جاتی ہے۔ دانیال عزیز نے کہا آئی سی آئی جے کوخط لکھا تو انہوں نے اپنی غلطی کو درست کیا اور کہا وزیراعظم کا پاناما لیکس میں نام نہیں اور آئی سی آئی جے نے تسلیم کیا ان کی خبر درست نہیں تھی۔ بچوں کے نام کی بجائے نواز شریف کا نام لکھ کر واردات کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکن پہلے آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ دیکھ لیں۔ ویب سائٹ پر آج بھی وزیراعظم کا نام نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات