راہول گاندھی نے مودی کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے متنازع شخصیت قرار دیدیا

مودی فوجی جوانوں کے خون کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اورقوم میں نفرتیں پیدا کرکے سیاست چمکارہے ہیں،مودی تم اپنا کام کرو اور فوج کو اپنا کام کرنے دو،مودی نے سچ نہ بولنے کی قسم کھا رکھی ہے ،وہ مسلسل ملک کے عوام کو گمراہ کرکے ان کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا کسان ریلی سے خطاب ،مودی پر برس پڑے

جمعرات 6 اکتوبر 2016 21:42

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی فوجیوں کے خون پر سودے بازی کر رہے ہیں اور انکے خون کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، مودی تم اپنا کام کرو اور فوج کو اپنا کام کرنے دو،وزیراعظم مودی نے سچ نہ بولنے کی قسم کھا رکھی ہے وہ مسلسل ملک کے عوام کو گمراہ کرکے ان کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، پھوٹ ڈال کر، بھائی چارہ ختم کرکے اور نفرت پھیلا کر سیاست نہیں کی جا سکتی۔

جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ایک ماہ سے جاری کسان تحریک کے آخری روز ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ مودی تم بھارتی فوجیوں کے خون کی سودے بازی کررہے ہو۔

(جاری ہے)

ہمارے جوان جنھوں نے خون دیا ہے انکے خون کے پیچھے آپ (وزیراعظم ) چھپے ہوئے ہو۔آپ نے دو چیزیں ضرور کی ہیں ایک ہندوستانی کو دوسرے سے لڑانے کا کام کیا ہے ،بانٹنے کا کام کیا ہے ۔

راہول گاندھی نے مودی کو متنازع شخصیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ملک مودی سے انصاف چاہتا ہے اور یہ انکی ذمہ داری ہے ،کہاں ہیں 15لاکھ؟ کہاں ہیں انکے سارے وعدے ؟مودی نے ہر ایک کے بینک اکاؤنٹ کا وعدہ کیا تھا لیکن ان اکاؤنٹس میں کوئی رقم نہیں ہے ،مودی کے تمام وعدے جعلی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نفرت پھیلا کر اور آپس میں پھوٹ ڈال کر اقتدار میں برقرار رہنے کی سیاست کر رہے ہیں۔وزیراعظم مودی نے سچ نہ بولنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ وہ مسلسل ملک کے عوام کو گمراہ کرکے ان کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پھوٹ ڈال کر، بھائی چارہ ختم کرکے اور نفرت پھیلا کر سیاست نہیں کی جا سکتی۔

متعلقہ عنوان :