آرمی چیف کا اٹک کے قریب فیلڈ ایریا کا دورہ ،پاک روس مشترکہ جنگی مشقوں کا معائنہ کیا

مشترکہ جنگی مشقوں سے شریک فوجیوں کو ایک دوسرے کے انسداد دہشتگردی کے تجربے سے استفادے کا بھر پور موقع میسر آئیگا،جنرل راحیل شریف

جمعرات 6 اکتوبر 2016 20:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کی مشترکہ جنگی مشقوں سے شریک فوجیوں کو ایک دوسرے کے انسداد دہشتگردی کے تجربے سے استفادے کا بھر پور موقع میسر آئیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اٹک کے قریب فیلڈ ایریا کا دورہ کیا اور پاک روس مشترکہ جنگی مشقوں’’ دروز باہ‘‘ کا معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

یہ مشقیں 27 ستمبر سے پاکستان اور روس کی افواج مشترکہ طور پر کر رہی ہیں۔ آرمی چیف نے مشقوں میں شریک فوجیوں سے ملاقات کی اور انکی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مہارت اور لگن کو سراہا ۔ دونوں ممالک کی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان آرمی انتہائی سخت جان اور جنگ کا تجربہ رکھنے والی فوج ہے اور دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے جبکہ روسی فوج بھی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشترکہ جنگی مشقوں سے شریک فوجیوں کو ایکدوسرے کے انسداد دہشتگردی کے تجربے سے استفادے کا بھر پور موقع میسر آئیگا ۔