یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز -II 2014-15کے تحت طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم

حکومتی سطح پر طلبا و طالبات کو بین الاقوامی ترقی اور موڈز آف ریسرچ تک رسائی کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے آئی ٹی ایکویپمنٹس سے لیس کیا جار ہا ہے‘ذکیہ شاہنواز

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کا دارومدار گلوبل ریسرچ اور تحقیقات پر ہے کیونکہ موجودہ صنعت کا فروغ اس بات کا متقاضی ہے کہ ہر شعبہ میں انوو یشن ،ریسرچ اور تحقیقات کے نئے باب متعارف کیے جائیں اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جائے اس لیے حکومتی سطح پر قابل اور باصلاحیت طلبا و طالبات کو بین الاقوامی ترقی اور موڈز آف ریسرچ تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے آئی ٹی ایکویپمنٹس سے لیس کیا جار ہا ہے ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے یوتھ کی تعلیم و ترقی سے متعلق بہترین اقدامات کی روایت قائم کی ہے جو قابل تحسین بات ہے ،انہوں نے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دے کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انقلابی سوچ کو متعارف کروایا ہے ان کے استعمال سے ہمارے بچے دنیا میں ہونیوالی ریسرچ ،لیکچرز اورکورسز غرضیکہ ہر شعبہ سے متعلق علم و فہم سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 2برائے 2014-15کے تحت ہونہار طلبہ وطالبات میں546 لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارامستقبل اور امید ہیں، نوجوان تعلیم کے شعبے میں جدید وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھیں اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں۔

قابل طلبہ میں546 لیپ ٹاپ کی تقسیم تعلیمی اداروں کو جدید عصری رحجانات سے روشناس کرانے کی جانب حکومت کا ایک اہم اور موثر اقدام ہے جس سے طلباء کو نیا حوصلہ اور ولولہ ملے گا اور تعلیمی میدان میں سبقت لے جانے کے رحجان میں بھی اضافہ ہو گا اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے ۔تقریب میں صوبائی وزیر نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز2 کے تحت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خاں نے اپنے صدارتی خطاب میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے بہتر مستقبل کے لئے نوجوان نسل کا جدید تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ ہونا نہایت ضروری ہے اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم جیسے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان طلبہ و طالبات بہترین تعلیمی و تربیتی عمل سے گزریں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت حکومت کی طرف سے جو ذمہ داری ہمیں دی گئی ہے اس میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے، اب یہ ان طلبہ و طالبات کا فرض ہے کہ پوری محنت اور لگن سے عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق تعلیم حاصل کریں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :