اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں اے این ایف کی فورس کمانڈرز کی کانفرنس

اے این ایف کی ملک گیر کاروائیاں ،8ارب64کروڑ روپے مالیت کی 1324.73کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، شرکاء کی بریفنگ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) اے این ایف کے فورس کمانڈرز کی کانفرنس اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی۔ کانفرنس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ نے کی۔ اس کانفرنس میں اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹوریٹس کے کمانڈروں اور سینئر سٹاف افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران، اشتہاری ملزمان کا ایجنڈا سر فہرست رہا۔

ڈی جی اے این ایف نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی پہلے سے جاری ملک گیر مہم کو مزید جانفشانی سے تیز کرنے کا کہا۔ کانفرنس کے شرکاء میں نئے منصب سنبھالنے والے افسران بھی شامل تھے جن کو انفورسمنٹ، انٹیلی جنس، اثاثہ جات کی تفتیش، پیروی مقدمہ، مالی و انتظامی امور اور تعمیر صلاحیت کے پہلوؤں سے متعلق آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

اونچے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد میں مصنوعی طور پر تیار کی گئی منشیات کے متعلق بڑھتے ہوئے رحجانات کو بڑا خطرہ جانتے ہوئے اس کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کانفرنس کے آخری حصے میں مستقبل کے اہداف مقرر کر کے متعلقہ کمانڈرز کے ذمے لگائے گئے۔ اس کانفرنس کے ساتھ ساتھ ، اے این ایف کی معمول کی کاروائیاں بھی جاری رہیں جن کے دوران، اے این ایف نے 14ملک گیر کاروائیوں کے دوران 8ارب 64کروڑروپے بین الااقوامی مالیت کی 1324.73کلوگرام منشیات برآمدکرلی۔

مجموعی طور پر پشین، اسلام آباد،پشاور،لاہور، ، شیخوپورہ، قصور، لودھراں ارد کراچی کے علاقوں میں 14کاروائیاں عمل میں لائی گئی ۔ برآمد شدہ منشیات میں 1273.695ہیروئن ، 47.6کلوگرام چرس، 3.250کلوگرام ایمفیٹامین اور 300گرا م ا فیون شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتارکیاگیا،جبکہ 2گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے کلی شین نراج ضلع پشین کے علاقے سے1271کلوگرام ہیروئن قبضے میں لے لی ، جوایک غیرآبادمقام پرچھپائی گئی تھی ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق،مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کر کے ساحلِ سمندر پر منتقل کئے جانے کے بعد نا معلوم منزل کی طرف روانہ کی جانی تھی۔

اے این ایف راولپنڈی ائیرپورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ ا سلام آباد پرکا روائی کے دوران اتحاد ائیرلائنز کی فلائٹ نمبر EY-232سے روم (اٹلی) جانے والے شعیب رحمان نامی جہلم کے رہائشی ملزم کو ہیروئن بھرے کیپسولوں کے نگلے ہوئے ہونے کے شک کی بنا پر حراست میں لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعترافِ جرم کر لیا۔ دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف راولپنڈی ائیرپورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ ا سلام آباد سے ترکش ائیرلائنز کی پرواز نمبر TK-711 کے ذریعے سری لنکا روانہ ہونے والے رحیم یار خان کے رہائشی عبدالرزاق نامی ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے سفری بیگ میں چھپائی گئی 600گرام ہیرئن برآمد کر لی۔

اے این ایف پشاور ائیرپورٹ ٹیم نے پشاور ائرپورٹ سے سوات کے رہائشی جان گل نامی ملزم کو حراست میں لے کر اس کے سامان میں چھپائی گئی 1.250کلو گرام ایمفیٹا مائین برآمد کر لی۔ اسکے علاوہ ملزم کی ایکس راے سکیننگ کے دوران ملزم کے پیٹ میں موجود 69ہیروئن بھرے کیپسول (وزن میں 450گرام )بھی برآمد کر لئے ۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے موٹر وے ٹول پلازہ پر ایک مسافر وین کی تلاشی لینے پراس میں موجود لاہور کی رہائشی 2 خواتین عذرا اور لائبہ کو گرفتار کر کے ان کے سامان میں موجود 300گرام افیون اور 3.6کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف پشاور ائیرپورٹ ٹیم نے اتحاد ائیرلائنز کی فلائٹ نمبر EK-637 کے ذریعے سری لنکا (کولمبو) روانہ ہونے والے اسلام آباد کے رہائشی بلال نامی مسافر کو پشاور ائرپورٹ پر گرفتار کر کے اسکے سامان کی پیکنگ میں چھپائی گئی 1کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی ۔اے این ایف لاہورنے معمول کی چیکنگ کے دوران شالیمار روڈ لاہور سے شہزادہ محمد شہباز نامی ملزم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے 2کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے موٹر وے انٹرچینج شیخوپورہ کے قریب سے ایک سوزوکی کار نمبر LED-12-2629 کو قبضے میں لے کر اس کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 500گرام ہیروئن اور 2.4کلو گرام چرس برآمد کر لی ۔ اس کاروائی کے دوران، گاڑی کے ڈرائیور خیبر ایجنسی کے رہائشی قاسم اﷲ نامی ملزم کو بھی موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

تیسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے میکس ورلڈ وائیڈ کورئیر کے لاہور میں واقع دفتر سے زنانہ کپڑوں کے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 115گرام ہیروئن قبضے میں لے لیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ لاہور سے شارجہ کے لئے بزریعہ فلائٹ نمبر PA-42 روانہ ہونے والے سرگودھا کے رہائشی محمد اعجاز خان صا حب زادہ نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 2کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔

پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے لودھراں بائی پاس ، ضلع لودھراں کے قریب ایک گاڑی کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 37.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی کا ڈرائیور عبداﷲ نامی سوابی کا رہائشی ملزم موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف کراچی نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب عمل میں لائی گئی ایک کاروائی کے دوران ایک ٹیوٹاکرولا کار نمبر ANK-588کو قبضے میں لے کر اس کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 2.4کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

گاڑی کے ڈرائیور محمد خان نامی ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے کورنگی کراچی میں واقع ٹی سی ایس کے دفتر سے جینز پینٹوں کے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس چھپائی گئی 30گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ یہ پارسل مرید عباس نامی حافظ آباد کے رہائشی ملزم نے بُک کروایا تھا اور شاملہ حسین، 70 چیٹ ورتھ سٹریٹ، پریسٹن، برطانیہ میں وصول کیا جانا تھا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :