عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ٗ فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ٗ پاکستان

بھارت کے غیر ذمہ دار بیانات خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہیں ٗعالمی برادری نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو نہ روکا تو انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے ٗ پاکستان بھارت کی دھمکی آمیز بیانات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اورقومی مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کارروائی کریگا ٗپاکستان میں امن استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے ٗپاکستان کے خلاف پٹیشن خارج کرنا وائٹ ہاؤس کا ذمہ دارانہ اقدام ہے ٗدفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) پاکستان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ٗ فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ٗ بھارت کے غیر ذمہ دار بیانات خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہیں ٗعالمی برادری نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو نہ روکا تو انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے ٗ پاکستان بھارت کی دھمکی آمیز بیانات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اورقومی مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کارروائی کریگا ٗپاکستان میں امن استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے ٗپاکستان کے خلاف پٹیشن خارج کرنا وائٹ ہاؤس کا ذمہ دارانہ اقدام ہے ۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاکہ بھارت نے گزشتہ 3 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت جاری کر رکھی ہے، 110 بے گناہ افراد کو شہید اور 15 ہزار سے زائد کشمیریوں کو زخمی کیا جاچکا ہے ٗ 60 سے زائد افراد بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں ٗعالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیرمیں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی فورسز نے سیدعلی گیلانی اورآسیہ اندرابی سمیت تمام حریت رہنماوں کو جیلوں میں بندکررکھا ہے اوران کے ساتھ نارروا سلوک کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کشمیری رہنماوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں نے جموں وکشمیر لیبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو قید کررکھا ہے پاکستان کو یاسین ملک کی غیر قانونی حراست ، خرابی صحت اور طبی سہولیات نہ ملنے پر تحفظات اور تشویش ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

انہوں نے کہاکہ بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی مثبت رہا اور انہوں نے بھی تائید کی ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دار بیانات خطے کے امن کے لئے نقصان دہ ہیں بھارت کے جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور پھر اسے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بے بنیاد اور سراسر الزام ہے ہم نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سرجیکل اسٹرائیکس اور بھارت کی جانب سے غلط بیانات کا معاملہ اٹھایا اور احتجاج کیا۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں امن استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے اسی لئے پاکستان نے افغانستان کی بحالی و تعمیر نو کے لئے مزید 500 ملین ڈالرز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ وائٹ ہاؤس نے امریکا میں مقیم بھارتی شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی بے بنیاد پٹیشن کو خارج کرکے ذمہ دار قدم اْٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں، جسے اقوام متحدہ میں اٹھایا جاچکا ہے اور پاکستانی سفیر جلیل عباس بھی امریکی انتظامیہ کو مقبوضہ کشمیر کے مظالم کے حوالے سے ڈوزیئر فراہم کرچکے ہیں۔

ایک سوال پر ترجمان نے پاکستان کو تنہا کرنے سے متعلق غیر ملکی اخبارمیں چھپنے والے آرٹیکل کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا۔بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے اخراج کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کی دھمکی آمیز بیانات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اورقومی مفادات کے تحفظ کیلئے موثر کارروائی کریگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملک معاہدے سے یکطرفہ نکل نہیں سکتا۔ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے برسلزمیں افغانستان سے متعلق کانفرنس کے موقع پر افغانستان کے صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداﷲ عبداﷲ اور دیگرافغان حکام سے ملاقات کی تھی۔بات چیت کے دوران چار فریقی رابطہ گروپ کے کردار سمیت افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔