شاہد رشید بٹ کا توانائی کے شعبہ میں 662 ارب روپے کے گردشی قرضوں پراظہار تشویش ،مسئلے کے فوری حل کیلئے اقدامات کا مطالبہ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے توانائی کے شعبہ میں چھ سو باسٹھ ارب روپے کے گردشی قرضے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے ختم کرنے کے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے،توانائی کے شعبہ کا گردشی قرضہ 650 ارب روپے تھا جس میں اب گیس کے شعبہ کا بارہ ارب روپے کاگردشی قرضہ بھی شامل ہو گیا ہے جسے بڑھنے دیا گیا تو ایل این جی کا شعبہ بھی بحران کا شکار ہو کرجائے گا۔

وہ جمعرات کو اسلام آباد ویمن چیمبر کی نو منتخب صدر شمیم آفتاب سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ کے گردشی قرضہ نے اب ایل این جی کے شعبہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے گردشی قرضے ختم کرنے کا وعدہ کیا ہواہے مگر اس پر عمل درامد نہیں ہوا ہے۔ا توانائی کا شعبہ غیر مستحکم رہے گا تو معیشت کبھی مستحکم نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر شمیم آفتاب نے کہا کہ جب موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو گردشی قرضہ چار سو پچاس ارب روپے تھا جو اب 662 ارب روپے ہو گیا ہے جسے ختم نہ کیا گیا تو مسائل جنم لینگے۔ توانائی بحران کی وجہ سے ہر سال شرح نمو میں کمی واقع ہوتی ہے جس سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے اسلئے اسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔